اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان نیوزکی خبر کے مطابق پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردیے۔ معاہدوں پر اتفاق وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف کے درمیان بشکیک کے صدارتی محل میں ہونے والی اہم ملاقات کے بعد ہوا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے صدر صادیر ژاپاروف کے ہمراہ پریس بریفنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ میزبانی پر کرغز صدر، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے عوام کی جانب سے کرغزستان کے عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کرغزستان کو چھٹی ورلڈ نومیڈ گیمز کی میزبانی کرنے پر بھی مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے کرغزستان کے 2027-28 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کی 2025-2026 کی کامیاب صدارت پر کرغز قیادت کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر بھی خوشی ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرانے کے لیے انتھک محنت کی۔
انہوں نے صدر صادیر ژاپاروف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ان کی متحرک قیادت میں کرغزستان نے نمایاں ترقی کی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق کرغزستان نے معاشی میدان میں متاثر کن کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عوامی خدمات کے دائرہ کار میں توسیع اور کمزور طبقات کے لیے ہدفی معاونت جیسے اقدامات کیے ہیں۔
اس سے قبل بشکیک پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا ینتیمک اوردو میں شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستانی حکومت کے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو ریڈ کارپٹ ویلکم دیا گیا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
ملاقات اور متعدد ایم او یوز پر دستخط پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور باہمی تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیے جارہے ہیں۔
