Human autonomy cannot be compromised, says Anthropic chief in clarifying statement

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی انتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ وہ انسانوں کو اپنی آزاد مرضی اور فیصلوں کا اختیار مصنوعی ذہانت  کے حوالے کرنے کے حامی ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ انسانی خودمختاری اور اختیار کو کارکردگی یا سیکیورٹی کے نام پر قربان نہیں کیا جانا چاہیے۔

اموڈی نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ وہ اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ انسانوں کو اپنی آزاد مرضی اے آئی سسٹمز کے حوالے کردینی چاہیے۔ ان کے مطابق ان سے یہ مؤقف منسوب کرنا مضحکہ خیز ہے۔

 ان کا یہ بیان کمپنی کی ریکارڈ ساز اسٹاک مارکیٹ میں شروعات کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا۔

انہوں نے نام لیے بغیر بعض ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان پر تنقید کی، جو یہ کہتے ہیں کہ اے آئی محض ایک آلہ ہونا چاہیے، لیکن اپنی مصنوعات میں اس اصول کے مطابق عملی اقدامات نہیں کرتے۔

اے آئی کے انسانی کنٹرول سے باہر ہونے کے خدشات سلیکان ویلی میں کئی واقعات کے بعد مزید بڑھ گئے ہیں۔ رواں موسم گرما میں خودمختار اے آئی ایجنٹس کے ذریعے ہگنگ فیس کی ہیکنگ کا واقعہ بھی ان خدشات کی ایک مثال کے طور پر سامنے آیا تھا۔

 انتھروپک کے سیفٹی سربراہ ایون ہیوبرنگ نے ستمبر میں لکھا تھا کہ کمپنی واقعی سمجھتی ہے کہ اے آئی تمام انسانوں کی ہلاکت کا سبب بن سکتی ہے۔

میٹا کے چیف اے آئی آفیسر الیگزینڈر وانگ نے اتوار کو کہا تھا کہ معاشرے کا کنٹرول اے آئی کے حوالے کرنے کے تصور کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔ اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین بھی رواں ماہ کہہ چکے ہیں کہ اگر کینسر کا علاج ممکن بنانے کی قیمت مستقبل میں انسانی اختیار اور آواز سے محرومی ہو تو یہ ناقابلِ قبول سودا ہوگا۔

اموڈی کے سابقہ بیانات بھی اس بحث کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ فروری میں انہوں نے نیویارک ٹائمز کو بتایا تھا کہ زندگی اور سلامتی سے متعلق انتہائی اہم معاملات میں فیصلے اے آئی کے سپرد کیے جاسکتے ہیں۔

 2024 کے اواخر میں انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ مستقبل میں اے آئی سسٹمز انسانوں اور دوسرے اے آئی نظاموں کو احکامات دے سکتے ہیں۔

تازہ بیان میں اموڈی نے اے آئی کی خودکار ترقی، یعنی ریکرسیو سیلف امپروومنٹ، پر ممکنہ پابندیوں کی ضرورت بھی تسلیم کی۔

 ان کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ کو مکمل خودمختاری کے ساتھ مسلسل نئے جدید ماڈلز تیار کرنے دینا محفوظ نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ایلون مسک نے اموڈی کے بیان کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے صرف ایک لفظ دلچسپ لکھا، جس سے ٹیکنالوجی رہنماؤں کے درمیان جاری اختلافات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے۔