Despite the tension in Hormuz, diplomatic efforts intensified, Iran repeated the offer to open the road in two days

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تہران کی شرائط تسلیم کرے، کیونکہ جنگ کا خاتمہ فوجی کارروائیوں یا مزید پابندیوں کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

 دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنازع کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ فی الحال ایران کے خلاف بڑی فوجی کارروائیوں کی ضرورت نہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے دو دن کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کی تہران کی تجویز اب بھی برقرار ہے۔

 ان کے مطابق ایران تنازع کا حل فوجی ذرائع سے ممکن نہیں سمجھتا اور اس کے لیے احترام کے ساتھ بات چیت اور ایرانی مطالبات کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔

ایران کی شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، بیرون ملک منجمد اثاثوں کی بحالی، تیل پر عائد پابندیوں کا خاتمہ اور ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنا شامل ہے۔

 تاہم واشنگٹن کا اصرار ہے کہ ابتدائی مذاکرات میں ایران کا جوہری پروگرام بھی زیر بحث آنا چاہیے۔

ایران کے سکیورٹی سربراہ محسن رضائی نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ تہران کے سامنے ہتھیار ڈال دے۔

 انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ایران کے خلاف جنگ امریکی حکومت کو نقصان پہنچا چکی ہے اور واشنگٹن ایک مایوس جواری کی طرح رویہ اختیار کر رہا ہے۔

ادھر پیرس میں جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی اقتصادی دباؤ کی مہم اتنی مؤثر ہے کہ اس وقت بڑی فوجی کارروائیوں کی ضرورت نہیں۔

 صدر ٹرمپ نے بھی قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقات کے بعد کہا کہ تنازع کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق مزید امریکی حملوں کا امکان کم ہے، تاہم امریکا ضرورت پڑنے پر کارروائی کے لیے تیار ہے۔

قطر کے وزیراعظم نے پیرس میں برطانیہ، جرمنی، اٹلی، فرانس اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی۔

 مذاکرات میں ایران بحران اور اس کے علاقائی و عالمی سلامتی اور معیشت پر اثرات زیر بحث آئے۔

سفارتی سرگرمیوں کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو خطرات برقرار ہیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ تین تیل بردار جہازوں میں آگ لگی ہے، تاہم ان کی شناخت یا واقعات کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

 اماراتی کمپنی ادنوک نے کہا کہ اس کے ایک جہاز کو اماراتی سمندری حدود میں حملے سے نقصان پہنچا، جبکہ برطانوی بحری ادارے یو کے ایم ٹی او کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب ایک ٹینکر نامعلوم پروجیکٹائل کا نشانہ بنا۔

دوسری جانب ایس اینڈ پی گلوبل انرجی کے مطابق اکتوبر میں 31 ایل این جی بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جو جنگ شروع ہونے کے بعد کسی ایک ماہ کی بلند ترین تعداد ہے۔ ستمبر میں ایسے جہازوں کی تعداد 23 تھی۔

 اکتوبر میں گزرنے والے 31 جہازوں میں سے 23 قطر کے راس لفان ٹرمینل اور آٹھ متحدہ عرب امارات کے داس آئی لینڈ سے روانہ ہوئے۔ شپ ٹریکنگ کمپنی کیلپر کے مطابق اکتوبر میں 42 ایل این جی کارگو لوڈ کیے گئے، جبکہ ستمبر میں یہ تعداد 27 تھی۔ ایک جہاز، المفیار، نے ایل این جی شینڈونگ ریڈوڈ اور ایجنان کو منتقل کی، جو یہ کارگو پاکستان لے کر پہنچے۔