اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا اور صوبے میں امن و امان کے ساتھ ساتھ عوام کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے کشمیر امور و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کرے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف صوبے کے عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے امن کے قیام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھنے اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے حوالے سے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے اعداد و شمار بھی تشویش ناک صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ضم شدہ اضلاع کو چھوڑ کر خیبر پختونخوا میں اگست کے دوران 54 دہشت گرد حملے ہوئے، جبکہ جولائی میں یہ تعداد 36 تھی، یعنی ایک ماہ کے دوران حملوں میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حالیہ دنوں میں سیکیورٹی فورسز نے بھی دہشت گردوں کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں۔
7 اکتوبر کو شمالی وزیرستان میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی اطلاع سامنے آئی، جبکہ ایک روز قبل اسی ضلع میں کارروائی کے دوران مزید 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
اس سے قبل 2 اکتوبر کو شمالی وزیرستان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
وزیراعظم اور امیر مقام کی ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری معاملات اور ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں علاقوں کے عوام کی فلاح، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات نے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کو ایک بار پھر قومی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
حکومت ایک جانب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم نے صوبے میں ترقی اور عوامی فلاح کے عمل کو بھی جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو بھی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
