دبئی: پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم انٹرنیشنل لیگ ٹی20  کے پانچویں ایڈیشن میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کریں گے۔

فرنچائز نے بابر اعظم کو پلیئرز آکشن میں 80 ہزار امریکی ڈالر میں حاصل کر لیا۔

بابر اعظم 18 گلوبل کرکٹ آئیکنز میں شامل تھے اور ان کی بنیادی قیمت بھی 80 ہزار ڈالر مقرر تھی۔ ڈیزرٹ وائپرز نے بغیر کسی حریف بولی کے ان کی خدمات حاصل کیں۔

ڈیزرٹ وائپرز نے پاکستان کے فخر زمان اور نسیم شاہ کو بھی 80،80 ہزار ڈالر میں اسکواڈ کا حصہ بنا لیا۔

دونوں کھلاڑی ماضی میں بھی فرنچائز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

بابر اعظم نے اب تک 359 ٹی20 میچز میں 12,493 رنز بنائے ہیں، جن میں 13 سنچریاں اور 101 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ آئی ایل ٹی20 کا پانچواں ایڈیشن 22 نومبر سے 20 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔