جاپان میں جاری ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کاروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بارش سے متاثرہ میچ میں دونوں اننگز کو 13 اوورز تک محدود کیا گیا، بنگلا دیش نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔

توحید ہردوئے 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 اور عرفات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ عبدالصمد نے 15 گیندوں پر 30 اور حسن نواز نے ناقابل شکست 27 رنز بنا کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان اب ایشین گیمز کے فائنل میں ایکشن میں ہوگا۔