اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں کا 3 روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے جو 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں پاکستان کی 2026-27 کی چیئرمین شپ کے تحت تنظیم کی سرگرمیوں، آئندہ اجلاسوں اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا یہ پہلا اجلاس پاکستان کی سربراہی میں ہورہا ہے۔ اجلاس کی صدارت پاکستان کے قومی رابطہ کار کریں گے جبکہ رکن ممالک کے ہم منصب اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے نمائندے شریک ہوں گے۔
اجلاس میں پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران سرگرمیوں کے پروگرام، آئندہ ایس سی او اجلاسوں اور مختلف اعلیٰ سطحی سرگرمیوں کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کی چیئرمین شپ کا مرکزی موضوع وژن کو عمل میں بدلنا: باہمی رابطہ، جدت اور مشترکہ خوشحالی ہے، جس کے تحت علاقائی رابطہ کاری، جدت، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان تمام رکن ممالک اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ مل کر مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفید اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے کام کرے گا۔
اس دوران ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس بھی پاکستان کی میزبانی میں اگست 2027 میں اسلام آباد میں ہوگا، جس کی تیاریوں کا ابتدائی مرحلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال ایس سی او سربراہی سنبھالنے کے موقع پر آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت، توانائی، غربت کے خاتمے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صحت، ثقافت اور کھیلوں کو اہم ترجیحی شعبے قرار دیا تھا۔
آئندہ سربراہی اجلاس کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جناح کنونشن سینٹر کی اپ گریڈیشن اور نئے بلاک کی تعمیر کے لیے بولیاں طلب کی ہیں۔
سی ڈی اے نے اسلام آباد میں 4,000 معیاری ہوٹل کمروں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ حکام کے مطابق 4,000 سے زائد کمرے دستیاب ہیں، تاہم تقریباً 1,000 بین الاقوامی معیار پر پورے نہیں اترتے۔
جولائی میں پاکستان نے ایس سی او کے سربراہانِ بارڈر سروسز کا 12واں اجلاس بھی اسلام آباد میں منعقد کیا تھا، جبکہ پاکستان گزشتہ ستمبر سے ایس سی او – راٹس کی سربراہی بھی کررہا ہے۔
