US eyes Greenland; Trump claims lifelong agreement regarding security control.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کی سکیورٹی اور دیگر ضروریات پر مستقل کنٹرول حاصل ہوگا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ معاہدے کے بعد امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر روس یا چین گرین لینڈ میں فوجی اڈہ، فوجی موجودگی یا حساس شعبوں میں سرمایہ کاری نہیں کرسکیں گے۔

امریکی صدر نے معاہدے کو غیر مدتی لائف ایگریمنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی مدت ختم نہیں ہوگی اور امریکا فوری طور پر گرین لینڈ میں اپنی بڑی فوجی موجودگی بڑھانا شروع کرے گا۔

تاہم معاہدے کی مکمل شرائط ابھی واضح نہیں ہیں۔ ڈنمارک نے بھی واضح کیا ہے کہ اس کی خودمختاری برقرار رہے گی۔

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے کہا کہ یہ معاہدہ ڈنمارک کی بادشاہت اور گرین لینڈ کے عوام کی خودمختاری اور حق خودارادیت کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے معاہدے کے امکان کو گرین لینڈ، ڈنمارک، امریکا، نیٹو اور یورپ کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

گرین لینڈ کے وزیراعظم جینس فریڈرک نیلسن نے بھی کہا کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ علاقے کی سکیورٹی کو مضبوط کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ معاہدہ اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ چین اور روس گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم یا فوجی دستے تعینات نہیں کرسکیں گے جبکہ حساس شعبوں میں سرمایہ کاری روکنے کے لیے بھی ضروری طریقہ کار موجود ہوگا۔

ٹرمپ جنوری 2025 میں وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد سے گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ آرکٹک خطے میں روس اور چین کے بڑھتے ممکنہ اثر و رسوخ کے پیش نظر گرین لینڈ امریکا کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔

رواں سال جنوری میں ڈیووس اقتصادی فورم کے دوران ٹرمپ نے نیٹو سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ بھی گرین لینڈ کے مستقبل سے متعلق ایک مبینہ معاہدے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اس کی شرائط واضح نہیں کی گئی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا جنوبی گرین لینڈ میں تین نئے فوجی اڈے قائم کرنے پر غور کررہا ہے۔ امریکا پہلے ہی شمالی گرین لینڈ میں پٹوفک فوجی اڈہ رکھتا ہے۔

1951 کے دفاعی معاہدے، جسے 2004 میں اپ ڈیٹ کیا گیا، کے تحت واشنگٹن ڈنمارک اور گرین لینڈ کو پیشگی اطلاع دے کر جزیرے پر اپنی فوجی تعیناتی اور تنصیبات میں اضافہ کرسکتا ہے۔