لاہور: پاکستان مینز انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جہاں نوجوان قومی ٹیم 2 ستمبر سے 16 ستمبر تک 1 یوتھ ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔
دورے کے لیے فرحان یوسف کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان انڈر 19 ٹیم اتوار کے روز لاہور سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔
دورے کا آغاز 2 سے 5 ستمبر تک کھیلے جانے والے واحد یوتھ ٹیسٹ سے ہوگا، جو انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف کھیلا جائے گا، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 9 سے 16 ستمبر تک شیڈول ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کئی ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے بین الاقوامی ڈیبیو کا امکان ہے۔
ڈیبیو کرنے والوں میں وکٹ کیپر عبدالقادر، آل راؤنڈرز جہانگیر بلال، حیام خان، اور علیان سلمان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بلے باز حسنین عباس ڈار اور فاسٹ بولر رضوان اللہ بھی پہلی بار قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عبدالسبحان، احمد حسین، حمزہ ظہور، محمد صیام، محمد حذیفہ، نقاب شفیق، عمر زیب اور عثمان خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
