Russia launches major airstrike on Ukraine, 2 killed in steel plant; Moscow also hit by drones

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے، روس نے رات گئے یوکرین کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے جبکہ یوکرین نے ماسکو کے علاقے میں بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا۔

یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں میں صنعتی شہر کریوی ریہ میں واقع ملک کے سب سے بڑے اسٹیل پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

ارسیلورمتتل کریوی ریہ نے بتایا کہ حملے سے بجلی پیدا کرنے والے شعبے اور بلاسٹ فرنس سمیت اہم پیداواری تنصیبات کو نقصان پہنچا، جس کے باعث پلانٹ کی پیداوار جزوی طور پر روک دی گئی۔

کریوی ریہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کا آبائی شہر بھی ہے۔

روسی حملوں کے دوران یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بھی کم از کم دو اضلاع میں آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ کیف کے میئر وٹالی کلِچکو کے مطابق شہر میں روسی میزائل حملے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

کیف کے علاقے کے گورنر تیمور تکاچینکو کے مطابق ڈرون حملوں میں مزید 3 افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

دوسری جانب یوکرین نے ماسکو کے علاقے پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا، جس میں ایک شخص ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حملے کے دوران روس کی معروف ای کامرس کمپنی کے زیر استعمال ایک گودام میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔

روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ حملوں کے دوران ملک بھر میں 822 یوکرینی ڈرونز مار گرائے گئے۔ تاہم روسی وزارت دفاع کے دعوے کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی۔