Trump announces lifting of sanctions on Turkey, also considering sale of F-35 jets

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)دی نیوز کی خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکی کے ساتھ تعلقات میں اہم پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ترکی پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرے گا اور جدید ایف-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں کی فروخت پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔

یہ اعلان صدر رجب طیب ایردوان سے انقرہ میں ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ہم ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف-35 طیاروں کی فروخت کے حوالے سے فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکا نے 2020 میں ترکی کی جانب سے روسی S-400 فضائی دفاعی نظام خریدنے کے بعد کاٹسا قانون کے تحت پابندیاں عائد کی تھیں اور اسی کے نتیجے میں ترکی کو ایف-35 پروگرام سے بھی خارج کر دیا گیا تھا۔

صدر ایردوان نے ملاقات کے بعد امید ظاہر کی کہ امریکا اس معاملے پر مثبت فیصلہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اس پروگرام میں پہلے ہی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور اسے پانچ طیاروں کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا۔

اگرچہ ٹرمپ کے اعلان کو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق ترکی کی دوبارہ ایف-35 پروگرام میں شمولیت کے لیے امریکی قوانین، کانگریس کی منظوری اور کاتسا سے متعلق قانونی تقاضے اب بھی بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پابندیاں واقعی ختم ہو جاتی ہیں اور دفاعی تعاون بحال ہوتا ہے تو یہ نہ صرف امریکا اور ترکی کے تعلقات میں نئی پیش رفت ہوگی بلکہ نیٹو اتحاد کے اندر بھی ایک اہم سفارتی کامیابی سمجھی جائے گی۔