ہرارے: زمبابوے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو ہرارے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 85 رنز سے شکست دے دی۔

میزبان ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی گرفت مضبوط رکھی اور بنگلادیشی بیٹنگ لائن کو دونوں اننگز میں مشکلات سے دوچار کیا۔

میچ میں زمبابوے نے پہلی اننگز میں 410 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا، جس کے جواب میں بنگلادیشی ٹیم صرف 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوئی۔

دوسری اننگز میں بھی بنگلادیشی بیٹرز زمبابوین بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کر سکے اور پوری ٹیم 185 رنز پر آؤٹ ہوگئی مشفیق الرحیم 34 رنز کے ساتھ بنگلادیش کی جانب سے سب سے کامیاب بیٹر رہے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رچرڈ این گریوا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میزبان ٹیم کے بلے باز انوسینٹ کایا نے پہلی اننگز میں 140 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔