برمنگھم:پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کی توقعات اور ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر مشکل صورتحال میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ وہ ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں اور ماضی کے میچز کو بھلا کر ہمیشہ اگلے میچ پر مکمل فوکس رکھتے ہیں۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ کرکٹ بورڈ کا ہر فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہوتا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ون ڈے کرکٹ کے برعکس طویل فارمیٹ (ٹیسٹ کرکٹ) کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں جہاں مسلسل بڑی اننگز کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے تاہم وہ ہر بار ٹیم کے لیے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایجبسٹن کا میدان بابر اعظم کے لیے محدود اوورز میں کافی سازگار رہا ہے جہاں وہ ون ڈے کرکٹ میں دو شاندار سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
قومی کپتان کو اُمید ہے کہ وہ اپنی اسی روایات کو ریڈ بال کرکٹ میں بھی برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔
