Terrorism and target killing in Balochistan, 6 laborers killed in Pishin, 5 people kidnapped from Chaghi

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون خبر  کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، قتل اور اغوا کے واقعات میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی افراد کو مسلح عناصر اپنے ساتھ لے گئے۔

 پشین کے علاقے سرانان میں مزدوروں پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، چاغی میں مسلح افراد نے ایک گاڑی میں سوار 5 افراد کو اغوا کرکے ان میں سے 2 کو قتل کردیا، جبکہ کوئٹہ میں شیخ زاید اسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے 2 افغان شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق پشین کے علاقے سرانان میں ایک روز قبل مسلح افراد نے مزدوروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 5 مزدور موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔ زخمی مزدور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ منگل کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کے بعد واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی لاشیں فورٹ منرو منتقل کردی گئی ہیں جہاں انہیں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسری جانب چاغی ضلع کے علاقے بارٹا گزی میں مسلح افراد نے ایک گاڑی کو روک کر اس میں سفر کرنے والے 5 افراد کو اغوا کرلیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بعد ازاں مغویوں میں سے 2 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ باقی 3 افراد کو نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور دونوں مقتولین کی لاشیں اسپتال منتقل کیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضروری طبی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو شناخت کے لیے اسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ مغوی کیے گئے باقی 3 افراد کا سراغ لگانے کے لیے مختلف مقامات پر کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں بھی شروع کردی ہیں۔

ادھر کوئٹہ میں شیخ زاید اسپتال کے قریب بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے 2 افغان شہریوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد اسپتال کے قریب پیدل جارہے تھے کہ حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ دونوں افراد گولیاں لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور دونوں لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں شناخت کے لیے مردہ خانے میں رکھ دی گئیں۔

 پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دونوں مقتولین افغان شہری تھے اور واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بلوچستان میں ایک ہی روز پیش آنے والے ان واقعات نے صوبے میں سکیورٹی صورتحال اور عام شہریوں، مزدوروں اور دیگر افراد کے تحفظ سے متعلق خدشات ایک بار پھر نمایاں کردیئے ہیں۔