اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں جمعے کو کم از کم سات فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ حماس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے تنظیم کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ کے سب سے چھوٹے زندہ بیٹے کو قتل کرنے کی کوشش کی۔
حماس کے مطابق حملے میں ان کا بیٹا، اس کے اہل خانہ اور مرحوم بھائی عزام کا خاندان محفوظ رہا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی حملے میں غزہ شہر کے مغربی علاقے رِمال میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ عزالدین الحیہ اپنے خاندان سمیت حملے میں محفوظ رہے۔
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم نے اس کارروائی کو ریاستی دہشت گردی قرار دیا، جبکہ تنظیم نے اسے بزدلانہ حملہ کہا۔ اسرائیلی فوج نے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔
خلیل الحیہ کے چار بیٹے اس سے قبل اسرائیلی حملوں میں مارے جاچکے ہیں۔ ان میں ایک بیٹا مئی میں جبکہ دوسرا ستمبر 2025 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوا تھا۔
دیگر دو بیٹے 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی غزہ جنگ سے پہلے ہلاک ہوئے تھے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق جنوبی غزہ میں رفح کے مغرب میں اسرائیلی ڈرون حملے میں تین افراد شہید ہوئے، جن کی لاشیں ناصر اسپتال پہنچائی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے علاقے میں تین مبینہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔
شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے مغرب میں ایک اور حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ غزہ شہر میں الشفا اسپتال کے قریب ڈرون حملے سے مزید دو افراد ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے ان واقعات کی تحقیقات کا کہا، تاہم اسپتال کے قریب کارروائی میں کسی طبی سرگرمی کو نقصان پہنچنے کی تردید کی۔ رفح میں اسرائیلی فائرنگ سے بھی ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
اکتوبر 2025 میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات اسرائیل اور حماس ایک دوسرے پر عائد کرتے رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک 1,650 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں اس کے سات فوجی اور ایک شہری کنٹریکٹر ہلاک ہوئے۔
تضاد کاسٹ اور ہماری ویڈیو رپورٹس یوٹیوب پر دیکھیںسبسکرائب کریں