Attempt to impeach US Secretary of Defense fails; Trump calls Hegseth a patriot.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے  کہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی کوشش ریپبلکن ارکان نے ناکام بنا دی، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کے متنازع پینٹاگون سربراہ کو وقتی ریلیف مل گیا ہے۔

 ڈیموکریٹس آئندہ سال کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان کے خلاف دوبارہ کارروائی کی کوشش کر سکتے ہیں۔

منگل کو ایوان میں پیش کی گئی طریقہ کار سے متعلق قرارداد کے حق میں 211 اور مخالفت میں 204 ووٹ پڑے۔

 قرارداد کے تحت ہیگستھ کے خلاف مواخذے کی آٹھ شقیں ریپبلکن اکثریتی ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کو بھیجی جانی تھیں۔

 تاہم تحریک کے حامی ریپبلکن رکن تھامس میسی نے خبردار کیا تھا کہ کمیٹی کو معاملہ بھیجنے سے مواخذے کی کوشش عملاً ختم ہو جائے گی۔

کینٹکی سے تعلق رکھنے والے میسی کو توقع تھی کہ ایران جنگ اور ہیگستھ کی پالیسیوں سے ناخوش دیگر ریپبلکن ارکان بھی ان کا ساتھ دیں گے، تاہم کسی دوسرے ریپبلکن نے ان کی حمایت نہیں کی۔

 ڈیموکریٹس نے مواخذے کی کوشش کی بھرپور حمایت کی، لیکن سابق اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت 11 ارکان ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ اگر ان میں سے آٹھ ارکان بھی ووٹ دیتے تو قرارداد مسترد ہو سکتی تھی اور مواخذے پر مکمل ووٹنگ کی راہ ہموار ہو جاتی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تحریک کی ناکامی کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی۔

 انہوں نے ایران اور وینزویلا سمیت مختلف معاملات پر ہیگستھ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں محب وطن قرار دیا۔

ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل ہیگستھ نے مواخذے کی کوشش کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اپنے دفاع میں بیان دیا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے بارے میں تاریخ کا فیصلہ موجودہ عمومی رائے سے مختلف ہو گا۔ ان کے مطابق امریکی فوج کو دیے گئے احکامات قانونی تھے۔

ہیگستھ کے خلاف تحریک میں ایران جنگ اور جنوری میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے امریکی فوجی کارروائی سمیت کئی معاملات اٹھائے گئے تھے۔

 ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے کہا ہے کہ وہ آئندہ کانگریس میں دوبارہ مواخذے کی کوشش کے امکان پر ارکان سے مشاورت کریں گے۔

اگر نئی کوشش شروع ہوئی تو ڈیموکریٹس برطرف کیے گئے اعلیٰ فوجی افسران، جن میں جرنیل اور ایڈمرلز شامل ہیں، کو گواہی کے لیے طلب کر سکتے ہیں۔

 ہیگستھ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت کئی اعلیٰ عہدیداروں کو عہدوں سے ہٹایا تھا۔

ایران جنگ کے خلاف عوامی ناراضی نے گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی میں بھی کردار ادا کیا۔

 دوسری جانب ہیگستھ کے کانگریس سے کشیدہ تعلقات ایسے وقت میں ریپبلکنز کے لیے سیاسی مسئلہ بن رہے ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ دفاعی بجٹ 950 ارب ڈالر سے بڑھا کر 1.5 ٹریلین ڈالر کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔