Pakistan's great success in the olive sector, gaining permanent membership of the IOC

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق پاکستان نے زیتون کے شعبے میں ایک اہم عالمی سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار انٹرنیشنل اولیو کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کر لی ہے۔ پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں منعقد ہونے والے کونسل کے 123ویں اجلاس میں پاکستان نے باضابطہ طور پر مستقل رکن ملک کی حیثیت سے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ پرتگال میں پاکستان کی سفیر عائشہ فاروقی بھی وفد میں شامل تھیں۔ اجلاس میں دنیا کے 27 زیتون پیدا کرنے والے رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان عالمی اولیو سیکٹر کی ترقی اور پائیدار زرعی نظام کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت 55 ہزار 669 ایکڑ رقبے پر لگائے جا چکے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں زیتون کی پیداوار کے خصوصی کلسٹرز بھی تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے زیتون کی پیداوار کے لیے فارم ٹو فورک ویلیو چین قائم کر لی ہے، جس میں 51 اولیو آئل ایکسٹریکشن یونٹس، جدید پروسیسنگ سہولیات، نرسریاں، موسمیاتی اسٹیشنز اور آئی او سی معیار کے مطابق چار جدید لیبارٹریاں شامل ہیں۔ پاکستان اب معیاری زیتون کے پودوں کی پیداوار میں بھی خود کفیل ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ سال نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن میں پاکستانی زیتون کے تیل نے سلور ایوارڈ حاصل کیا، جو عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کے معیار کا اعتراف ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان انٹرنیشنل اولیو کونسل کے پلیٹ فارم سے عالمی زیتون کی صنعت، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔