پاکستان ہاکی ٹیم نے مصر میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں جاپان کو پنالٹی اسٹروک ملا تاہم قومی ٹیم کے گول کیپر علی رضا نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے گول روک لیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے نہ صرف فائنل میں جگہ بنائی بلکہ ورلڈ کپ میں شرکت بھی یقینی بنا لی۔
پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 14 اگست سے بیلجیم اور نیدرلینڈز میں شروع ہوگا پاکستان کی ٹیم گزشتہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی جبکہ قومی ٹیم نے آخری بار 2018 میں ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
