اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ ایران نے اتوار کو قطر، بحرین، کویت اور دیگر خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جبکہ اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے جواب میں امریکی فوج نے پیر کی صبح ایران کے مختلف فوجی اہداف پر نئی فضائی کارروائیاں شروع کر دیں، جس سے گزشتہ ماہ طے پانے والے عبوری امریکی۔ایرانی معاہدے کا مستقبل مزید غیر یقینی ہو گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق تازہ کارروائیوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنانا ہے جنہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک ایرانی کروز میزائل اور ایک خودکش ڈرون بھی تباہ کیا گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو اس کی کارروائیوں کا بھرپور جواب دے رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ عمان میں ہونے والے حالیہ مذاکرات امریکی دباؤ کے باعث ناکام ہوئے۔ ایران کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ یکطرفہ معاہدوں کا دور ختم ہو چکا ہے، وعدے پورے نہ کیے گئے تو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم سمیت کئی ساحلی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ بندر عباس کے قریب ایک امریکی ڈرون مار گرایا گیا۔ دوسری جانب تہران نے بحرین، قطر اور کویت میں امریکی فوجی مراکز پر میزائل اور ڈرون حملوں کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ یہ کارروائیاں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی بھی جہاز کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی بحریہ نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بحری راستہ کھلا ہے اور عمان کے قریب متبادل جنوبی روٹ کے ذریعے جہازوں کی آمدورفت جاری ہے۔
قطر، بحرین، کویت، اردن اور عمان نے اپنی فضائی حدود میں ایرانی حملوں یا ان کی روک تھام کی تصدیق کی ہے۔ قطر کے مطابق حملوں میں ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جبکہ کویت نے ایک آئل پلیٹ فارم پر حملے میں ایک کارکن کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔
