Pakistan's strong response to Houthi attacks, commitment to support Saudi defense and continue efforts for peace in the region

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی خبر کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاض کے اپنی سرزمین، شہریوں اور قومی اثاثوں کو ہر خطرے سے بچانے کے جائز حق کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن سے متعلق اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یمن کے اندر حوثی فوجی کارروائیوں، سعودی عرب پر مسلسل حملوں اور بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں تازہ فوجی پیش رفت نے تنازع کو انتہائی خطرناک موڑ پر پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے تمام حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب سعودی عرب نے بتایا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے جنوب میں ایک حوثی ڈرون کو مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ کردیا۔ حوثی حکام نے مکہ کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے گفتگو کے دوران حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق کشیدگی کے عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ ترین سطح پر کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔

عاصم افتخار نے باب المندب اور اس کے اطراف حوثی حملوں میں اضافے کو سنگین پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق تجارتی جہاز رانی سے متعلق بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث آزادیٔ بحری سفر، عالمی تجارت، سپلائی چینز اور توانائی سکیورٹی کو بڑھتے ہوئے خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ یمن میں 2022 سے قائم نسبتاً پرسکون صورتحال کا خاتمہ مکمل جنگ کی بحالی اور یمن کو وسیع تر علاقائی تنازع میں مزید دھکیل سکتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے یمن کی بگڑتی انسانی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی نگرانی میں جامع، یمنی قیادت اور یمنی ملکیت پر مبنی سیاسی عمل دوبارہ شروع کرنے کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور ایسے جامع سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا جو یمن اور پورے خطے میں دیرپا امن و استحکام لا سکے۔