Tanks advance despite ceasefire, movement resumes around Nussirat and Al-Bureij after operation completes

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون  نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے وسطی غزہ میں شروع کیا گیا زمینی آپریشن ختم کرنے کے اعلان کے بعد جمعرات کو فلسطینی اپنے علاقوں میں واپس پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گھروں کے ملبے اور تباہ شدہ عمارتوں میں اپنا سامان تلاش کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ علاقے میں واپسی کے باوجود جنگ کے تباہ کن اثرات ہر طرف نمایاں دکھائی دیے۔

اسرائیلی فوج نے ایک روز قبل ٹینکوں کے ساتھ زمینی کارروائی شروع کی تھی، حالانکہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی نافذ ہوچکی تھی۔

 فوج کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا مقصد ایک ایسی دہشت گرد سرنگ کو تباہ کرنا تھا جو اسرائیلی فوجیوں کے لیے خطرہ بن سکتی تھی۔

یہ کارروائی وسطی غزہ کے ان علاقوں میں کی گئی جو حماس کے زیرانتظام ہیں اور جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج اور حماس کے زیرکنٹرول علاقوں کو تقسیم کرنے والی نام نہاد یلو لائن سے آگے واقع ہیں۔

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ بعدازاں فوج نے کہا کہ اس نے سرنگ کے اس ڈھانچے کو نشانہ بنایا جو یلو لائن کے نیچے سے گزرتا تھا۔

 اسرائیلی فوج کے مطابق حماس اس سرنگوں کے نیٹ ورک کو دوبارہ بحال کرنے اور علاقے میں اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں پر حملوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

فلسطینی علاقوں میں شہری امور کی نگرانی کرنے والے اسرائیلی وزارت دفاع کے ادارے کوگیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ البریج اور النصیرات پناہ گزین کیمپوں کے قریب متاثرہ علاقوں میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت دوبارہ بحال کردی گئی ہے۔

 اس سے ایک روز قبل ادارے نے شہریوں کو ان علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔

اے ایف پی کی جانب سے النصیرات کیمپ کے شمال مشرقی حصے میں بنائی گئی ویڈیو میں زمین پر ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کے گہرے نشانات دکھائی دیے، جبکہ مرکزی شاہراہ صلاح الدین روڈ پر مٹی کی رکاوٹیں بھی کھڑی تھیں۔ یہ سڑک جنگ سے تباہ حال غزہ کی اہم گزرگاہ ہے۔

النصیرات کی رہائشی ام محمد بدوی نے اے ایف پی کو بتایا کہ فوج کے پیچھے ہٹنے کے بعد وہ اپنا کچھ سامان واپس لینے آئی ہیں تاکہ حالات معمول پر آنے تک اس کے ذریعے رہنے اور سونے کا انتظام کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا، ہم صرف امن چاہتے ہیں۔

دریں اثنا، غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی کے مطابق جمعرات کو غزہ شہر میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید چار فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ یہ ادارہ حماس کے زیرانتظام کام کرتا ہے۔