اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوٹاوا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کینیڈا کی جانب سے 47.2 ملین ڈالر کے ترقیاتی اور سیکیورٹی تعاون کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈین وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، زرعی خوراک، ویکسین سازی، قابلِ تجدید توانائی، آٹو موبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کینیڈین ہم منصب مارک کارنی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جلد ملاقات کی خواہش بھی ظاہر کی۔
انیتا آنند نے بتایا کہ وہ وزیراعظم مارک کارنی کی ہدایت پر پاکستان کے دورے پر آئی ہیں تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ کی تکمیل سے کینیڈین سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ملاقات میں تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا تاکہ نئی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں کینیڈا سے کینولا کی درآمد سے متعلق فائٹو سینیٹری پروٹوکول پر بھی دستخط کیے گئے۔
بعد ازاں کینیڈین وزیر خارجہ نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور خطے میں امن کے لیے کردار کو سراہا گیا۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انیتا آنند نے اعلان کیا کہ کینیڈا 2.2 ملین ڈالر کی لاگت سے تین نئے سیکیورٹی منصوبوں کا آغاز کرے گا، جنہیں انٹرپول، اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم اور رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔ یہ منصوبے سرحدی انتظام، انسداد دہشت گردی، مالی جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت پر مرکوز ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کینیڈا پاکستان میں 45 ملین ڈالر کے نئے ترقیاتی پروگرام بھی شروع کرے گا، جن کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، قدرتی آفات سے تحفظ، تعلیم خصوصاً بچیوں کی تعلیم، تولیدی صحت اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں مدد فراہم کی جائے گی۔ انیتا آنند نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں اہم شراکت دار ہے، جبکہ 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 1.2 ارب ڈالر رہا، جسے آئندہ برسوں میں مزید بڑھانے کے لیے دونوں حکومتیں مشترکہ اقدامات پر متفق ہیں۔
