Zelensky’s plane narrowly escaped being hit by a drone, Norwegian Prime Minister reveals

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) جیو نیوز کی خبر کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کو ناروے لے جانے والا طیارہ مولدووا سے روانگی کے وقت مبینہ طور پر ڈرون کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا۔

ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹورے نے بدھ کو سرکاری نشریاتی ادارے این آر کے کو بتایا کہ زیلنسکی کا طیارہ اڑان بھرنے والا تھا جب ایک ڈرون اس کے قریب پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا، اس کا طیارہ مولدووا سے اڑان بھرنے والا تھا اور تقریباً ڈرون کی زد میں آگیا۔ یہی وہ حقیقت ہے جس کا وہ سامنا کر رہے ہیں۔

تاہم اسٹورے نے یہ نہیں بتایا کہ معلومات انہیں کس ذریعے سے ملیں اور ڈرون طیارے کے کتنے قریب آیا۔ ان کے دعوے کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔

مولدووا کی حکومت نے تصدیق کی کہ ڈرون الرٹ کے بعد ملک کی فضائی حدود عارضی طور پر بند کردی گئی تھیں، جس سے زیلنسکی کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ حکام کے مطابق ایک روسی ڈرون مولدووا کی سرزمین پر گرنے کی تصدیق کے بعد صدر کے طیارے کو اڑان کی اجازت دی گئی۔

منگل کو دو روسی ڈرونز مولدووا کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، جس سے چیسیناؤ ایئرپورٹ کا آپریشن متاثر ہوا۔ 

ایک ڈرون کھیت میں گر کر آگ کا باعث بنا جبکہ دوسرا رومانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔ مولدووا کی صدر مایا ساندو نے واقعے کو لوگوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

مولدووا نے حالیہ ہفتوں میں روسی ڈرونز کی فضائی حدود میں بڑھتی مداخلت پر تشویش ظاہر کی ہے۔

ادھر بدھ کو یوکرین کی سرحد کے قریب ایک گزرگاہ پر روسی ڈرون حملے میں 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ حملے کے بعد سرحدی ٹریفک بھی روک دی گئی۔

زیلنسکی ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے اوسلو گئے تھے۔ بادشاہ کا 28 اگست کو 89 سال کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔

ناروے کے وزیراعظم نے زیلنسکی سے ملاقات میں یوکرین کی فوری فضائی دفاعی ضروریات اور فوجی امداد پر بات کرنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔ زیلنسکی نے یورپی اینٹی بیلسٹک دفاعی منصوبے سے وابستہ کمپنیوں سے بھی مذاکرات کرنا تھے۔