Saudi oil supply restored after drone attack; 10 million barrels loaded from Yanbu.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر کے مطابق سعودی عرب نے مشرقی حصے سے بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع تک خام تیل پہنچانے والی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی بحالی کے بعد ینبع سے تیل کی برآمدات دوبارہ شروع کردی ہیں۔ تجارتی ذرائع اور شپنگ ڈیٹا کے مطابق پائپ لائن کی جزوی بحالی کے بعد خام تیل اور ریفائنڈ مصنوعات کی لوڈنگ بھی شروع ہوگئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق سعودی آرامکو نے پیر کی شام اپنے صارفین کو اکتوبر میں ینبع سے تیل کی لوڈنگ کے شیڈول سے آگاہ کیا، جبکہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ایک ریفائنر نے بھی وہاں سے تیل کا کارگو لوڈ کیا۔

ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو 11 ستمبر کو ہونے والے ڈرون حملوں کے بعد بند کردیا گیا تھا۔ سعودی حکام نے حملوں کا الزام مسلح گروہوں پر عائد کیا تھا۔ پائپ لائن پر آپریشن 22 ستمبر کو دوبارہ شروع ہوا، تاہم ابتدا میں ترسیل محدود رہی۔

سیٹلائٹ تصاویر اور شپنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ 27 ستمبر تک ینبع اور قریبی الموجز ٹرمینل پر تقریباً 10 ملین بیرل خام تیل لوڈ کیا جا چکا تھا، جبکہ تقریباً 40 ٹینکرز کی موجودگی بھی دیکھی گئی۔ ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی لوڈنگ بھی جاری رہی۔

تجارتی ذرائع کے مطابق ینبع سے خام تیل کی موجودہ لوڈنگ تقریباً 20 لاکھ بیرل یومیہ رہی، جبکہ صنعتی ذرائع نے پائپ لائن کا موجودہ بہاؤ 20 سے 26 لاکھ بیرل یومیہ تک بتایا ہے۔ کپلیر کے مطابق یہ مقدار آئندہ دنوں میں 30 سے 40 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔

ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی مکمل گنجائش تقریباً 70 لاکھ بیرل یومیہ ہے، جبکہ حملے سے قبل اس کے ذریعے تقریباً 55 لاکھ بیرل یومیہ تیل منتقل ہورہا تھا۔ ماہرین کے مطابق اس سطح تک مکمل واپسی میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

ینبع میں خام تیل کے ذخائر بھی 22 ستمبر کو تقریباً 10 لاکھ بیرل بڑھے، جو حملے کے بعد پہلی نمایاں ذخیرہ اندوزی تھی۔

مصر کے سیدی کریر ٹرمینل سے بھی 22 ستمبر کو تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع ہوئی، تاہم خطے میں شپنگ پابندیوں کے باعث متعدد ٹینکرز اب بھی انتظار میں ہیں۔ سعودی برآمدات کی بحالی کو عالمی تیل منڈی میں سپلائی بہتر ہونے کی ایک اہم علامت قرار دیا جارہا ہے۔