Missile attack near Oman coast, 3 Indian personnel missing, India summons US diplomat
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے خلیج عمان میں ایک تجارتی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد نئی دہلی میں تعینات امریکی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، جبکہ حملے کے نتیجے میں تین بھارتی شہری تاحال لاپتا ہیں۔
بھارتی حکومت کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق وزارت خارجہ نے امریکی سفارتکار کو طلب کر کے واقعے پر سخت تشویش اور احتجاج سے آگاہ کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی ٹینکر سیٹیبیلو پر 24 بھارتی عملہ موجود تھا۔ وزارت کے مطابق 21 بھارتی شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ تین افراد تاحال لاپتا ہیں۔
بھارت نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جہاز رانی پر حملے انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ جاری علاقائی تنازع کے براہ راست نتائج ہیں۔ نئی دہلی نے ایک مرتبہ پھر فوری کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق عمان کے شہر صحار کے شمال مشرق میں تقریباً 20 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ایک بحری حادثہ پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو افراد لاپتا ہوئے۔
برطانوی بحری سکیورٹی کمپنی وانگارڈ ٹیک نے بتایا کہ پلاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکرسیٹیبیلو نے ہنگامی سگنل جاری کرتے ہوئے اطلاع دی کہ صحار کے قریب سفر کے دوران اس کے انجن روم کو میزائل نے نشانہ بنایا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
مقامی حکام نے فوری امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات اور حملے کے ذمہ داروں کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔



