اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ کینیڈا اور چین نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے اپنے ابتدائی تجارتی انتظام میں توسیع پر اتفاق کیا ہے۔
معاہدے کے تحت چین کینیڈا کی مزید مصنوعات، خصوصاً منجمد سور کے گوشت، مچھلی اور دیگر سمندری خوراک پر درآمدی ٹیرف میں کمی کرے گا، جبکہ کینیڈا نے بعض چینی اسٹیل اور ایلومینیم مصنوعات پر موجود رعایتوں کی مدت بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے منگل کو چین کے شہر شینژن میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون سربراہی اجلاس سے قبل ہوئی۔ کارنی کے دفتر کے مطابق چین تقریباً 40 کروڑ کینیڈین ڈالر، یعنی 28 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کی کینیڈین برآمدات پر اضافی ٹیرف رعایت دے گا۔
ان مصنوعات میں منجمد سور کے گوشت کے مخصوص حصے، مچھلی اور دیگر سمندری خوراک شامل ہیں۔ کارنی نے ملاقات کے بعد چین کے ساتھ تعلقات میں ’زیادہ پیش گوئی اور استحکام‘ کو خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا اس دہائی کے اختتام تک چین کو اپنی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ کرنے کے ہدف سے توقع سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
معاہدے کے تحت کینیڈا نے بعض چینی اسٹیل اور ایلومینیم مصنوعات پر پہلے سے نافذ ٹیرف رعایتوں کو مزید دو سال تک برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ رعایتیں 2026 کے اختتام پر ختم ہونا تھیں۔ چین کی وزارتِ تجارت نے بھی منگل کو جاری بیان میں انتظام کی عمومی شرائط کی تصدیق کر دی۔
کینیڈا کی سور کا گوشت تیار کرنے والی صنعت نے 11 کروڑ 60 لاکھ کینیڈین ڈالر، یعنی تقریباً 8 کروڑ 11 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے منجمد گوشت پر ٹیرف میں کمی کا خیرمقدم کیا ہے۔ صنعت کو دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے یہ اشارے بھی ملے ہیں کہ گوشت کی دیگر مصنوعات، خصوصاً اندرونی اعضا کی برآمدات پر مزید ٹیرف کمی کے معاملات جلد زیرِ بحث آئیں گے۔
یہ پیش رفت کارنی کی اقتصادی حکمتِ عملی کے لیے اہم ہے، جس کا ایک مقصد امریکا پر کینیڈا کا بھاری تجارتی انحصار کم کرنا ہے۔
واشنگٹن کی جانب سے کینیڈین مصنوعات پر عائد کیے گئے بھاری ٹیرف کے بعد اوٹاوا چین سمیت دوسری منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
