اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی خبر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید آسان بنانا ہے۔
معاہدے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026 کے اجلاس کے موقع پر دستخط کیے۔
اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں معاہدے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تبادلوں کو سہل بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت پاکستانی شہری جو سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھتے ہیں، سعودی عرب کا سفر ویزا حاصل کیے بغیر کرسکیں گے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ’دیرینہ اور برادرانہ اسٹریٹجک شراکت داری‘ کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید آگے بڑھانے میں بھی معاون ہوگا۔
پاک سعودی ویزا سہولت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد اور ریاض گزشتہ ایک سال کے دوران اقتصادی، سیاسی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کرچکے ہیں۔
گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی فائدے پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں سعودی کاروباری وفد نے پاکستان میں زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
