Britain's air system suddenly paralyzed, hundreds of flights affected by technical failure

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے  اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ برطانیہ کے بڑے ایئرپورٹس پر منگل کو فضائی سفر کا نظام شدید متاثر ہوگیا، جب ایئر ٹریفک کنٹرول فراہم کرنے والے ادارے نیٹس کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔

خرابی کے باعث ملک کے مصروف ترین ایئرپورٹس ہیتھرو، گیٹ وک، مانچسٹر اور اسٹینسٹیڈ سے آنے اور جانے والی سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نیٹس نے بیان میں کہا کہ تکنیکی مسئلے کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور اس کا تعلق ادارے کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم سے ہے۔ انجینئرز موقع پر موجود ہیں اور معمول کی کارروائیاں بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔

ادارے نے واضح کیا کہ برطانوی فضائی حدود بند نہیں کی گئیں اور پروازوں کی روانگی جاری ہے، تاہم مکمل آپریشن معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا۔

برطانیہ کے سب سے بڑے فضائی مرکز ہیتھرو ایئرپورٹ نے بھی کہا کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے نیٹس کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائیٹ ریڈار24 نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کے باعث لندن کے فلائٹ انفارمیشن ریجن میں ایئرپورٹس پر آنے اور جانے والی پروازوں کی تعداد کو محدود کیا جارہا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ہیتھرو پر تقریباً 100 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 367 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دوسری جانب گیٹ وک ایئرپورٹ پر تقریباً 250 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جو وہاں کی مجموعی پروازوں کا تقریباً 31 فیصد بنتی ہیں۔

اچانک پیدا ہونے والی خرابی نے برطانیہ کے فضائی سفر کے اہم مراکز کو ایک ہی وقت میں متاثر کیا، جس کے باعث مسافروں کو اپنے سفری شیڈول کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

نیٹس کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ توجہ فلائٹ پروسیسنگ سسٹم کو مکمل طور پر بحال کرنے پر مرکوز ہے۔ ادارے نے کہا کہ اگرچہ پروازیں جاری ہیں، لیکن خلل کے اثرات کو ختم کرنے اور بیک لاگ ختم کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔