اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی نومنتخب حکومت کو خطے میں ترقی اور اصلاحات کیلئے پہلے 100 دن کا منصوبہ دیتے ہوئے پنجاب کے ترقیاتی ماڈل پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
نواز شریف سے اتوار کو لاہور میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی اور قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر طارق فاروق نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے افتخار گیلانی اور طارق فاروق کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب اے جے کے کے وزیراعظم اور اسپیکر نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر حکومت کے پہلے 100 دن کیلئے اصلاحاتی پلان شیئر کیا، جس میں صحت، تعلیم، صفائی، انفرااسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں میں بہتری کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر حکومت کو پنجاب کے ترقیاتی ماڈل کی پیروی کرنے اور خطے کو جدت، جدیدیت اور پائیدار ترقی کی سمت لے جانے کی ہدایت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور سرکاری اداروں کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنایا جائے۔
افتخار گیلانی اور طارق فاروق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے اور علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔
اپنی پہلی تقریر میں گیلانی نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا تھا۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات، معیشت کو ڈیجیٹل بنانے اور آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولت بہتر بنانے کا بھی وعدہ کیا تھا۔
