اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوزکی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
شامی وزیر خارجہ بدھ کی رات پاکستان پہنچے، جہاں وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے مشرق وسطیٰ نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ اسعد حسن الشیبانی 19 اور 20 اگست کو پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور یہ دورہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر ہورہا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔
فریقین علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت، خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
شامی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات زیر بحث آنے کی توقع ہے۔
دفتر خارجہ نے اس دورے کو پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
