اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ مقرر کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ عہدہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا، جس کے ذریعے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا منصب ختم کر کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کے نئے عہدے متعارف کرائے گئے۔ ترمیم کے تحت وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کی تقرری کرتے ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس عہدے کی مدت تین سال ہوگی جبکہ وزیراعظم سفارش کی بنیاد پر مزید تین سال کے لیے دوبارہ تقرری بھی کر سکتے ہیں۔ آئینی ترمیم کے مطابق اس تقرری، دوبارہ تقرری یا مدتِ ملازمت میں توسیع کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔
ترمیم میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ آرمی ایکٹ کے تحت ریٹائرمنٹ، مدتِ ملازمت یا برطرفی سے متعلق عمومی قواعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ پر لاگو نہیں ہوں گے، جبکہ وہ اپنے منصب پر جنرل کے رینک میں خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
گزشتہ برس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو 27ویں آئینی ترمیم کے تحت ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا تھا، جبکہ وہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔
