ٹینس کی عالمی نمبر ون کھلاڑی آریانا سبالینکا کو ایک میچ کے دوران اس وقت غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹیڈیم میں اچانک آنے والی تیز بو نے انہیں کھیل روکنے پر مجبور کردیا۔
میچ کے دوران کورٹ پر موجود سبالینکا نے اچانک ایک تیز بو محسوس کی اور فوری طور پر چیئر ایمپائر کی جانب متوجہ ہوئیں۔
انہوں نے شکایت کی کہ اسٹیڈیم میں ماحول خراب ہورہا ہے اور انہیں شدید بو محسوس ہو رہی ہے، جس کے بارے میں ان کا ماننا تھا کہ کوئی تماشائی چرس پی رہا ہے۔
سبالینکا کے اس ردعمل نے وہاں موجود شائقین کی بھی توجہ اپنی طرف کھینچ لی جس کی وجہ سے کھیل کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا۔
کھلاڑی کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایمپائر نے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے لیے اعلان کیا کہ شائقین اپنی نشستوں پر یا جہاں چاہیں سگریٹ نوشی کر سکتے ہیں، تاہم ٹینس کورٹ کے بالکل قریب ایسی حرکات سے گریز کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کا کھیل متاثر نہ ہو۔
اس واقعے کے بعد کھیل دوبارہ معمول کے مطابق شروع ہوگیا لیکن یہ انوکھا واقعہ شائقین اور میڈیا میں موضوعِ بحث بن گیا۔
