SCO's big decision against attacks on Iran, member states united in hosting Pakistan

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشتگردی کے علاقائی ڈھانچے ایس سی او-ریٹس کا 46واں اجلاس پاکستان کی زیر صدارت ہوا، جس میں بھارت، چین، روس اور ایران سمیت رکن ممالک نے ایران کے خلاف تازہ فوجی حملوں کی مذمت اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کردی۔

پیر کو ہونے والے اجلاس کے بعد جاری بیان میں ایس سی او-ریٹس  کونسل نے ایران پر ’نئے فوجی حملوں‘ کی مذمت کی اور تنظیم کی جانب سے پہلے اختیار کیے گئے مؤقف کی دوبارہ توثیق کی۔

اجلاس کے شرکا نے ایرانی حکومت اور عوام سے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی ہلاکت پر تعزیت کی جبکہ حملوں میں جان سے جانے والے افراد کے اہلخانہ سے بھی اظہار ہمدردی کیا۔

کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے، امن قائم کرنے اور علاقائی استحکام یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت کی۔

اجلاس میں بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وفود نے شرکت کی، جبکہ ایس سی او-ریٹس  ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔

بھارت کی شرکت اس لیے بھی اہم رہی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔ اس کے باوجود ایران کے معاملے پر دونوں ممالک سمیت چین، روس اور دیگر ارکان مشترکہ مؤقف اختیار کرتے دکھائی دیے۔

اجلاس میں بنیادی توجہ دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی مرکوز رہی، جنہیں ایس سی او ’تین برائیاں‘ قرار دیتا ہے۔

کونسل نے رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون سے متعلق پہلے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں ایس سی او-ریٹس  ایگزیکٹو کمیٹی اور انسداد دہشتگردی سے متعلق ماہر گروپس کے آئندہ کام کے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔

رکن ممالک نے معلوماتی انفراسٹرکچر کے قیام اور بہتری سے متعلق فیصلے کیے تاکہ انسداد دہشتگردی کے سلسلے میں باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

قازقستان میں ایس سی او-ریٹس  کے ایک مبصر ملک کے ساتھ دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون پر 13ویں بین الاقوامی سائنسی و عملی کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔

اسلام آباد اجلاس کے ساتھ ہی پاکستان کی ایس سی او-ریٹس کونسل کی صدارت بھی مکمل ہوگئی اور یہ ذمہ داری روس کے حوالے کردی گئی۔ کونسل کا اگلا اجلاس تاشقند میں ایس سی او-ریٹس ایگزیکٹو کمیٹی کے دفتر میں منعقد ہوگا۔