Ras Tanura helicopter crash Prime Minister Shehbaz Sharif offers condolences to Saudi leadership and affected families

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے شہر راس تنورہ میں پیش آنے والے المناک ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی قیادت، جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس افسوسناک حادثے پر انتہائی رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، متاثرہ خاندانوں اور برادر سعودی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتوار کو راس تنورہ میں آرامکو کے ایک ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، جس میں سوار تمام 14 سعودی شہری جاں بحق ہوگئے۔ سعودی حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

آرامکو کے مطابق کمپنی کے پاس 60 سے زائد طیارے اور ہیلی کاپٹر موجود ہیں جبکہ سعودی عرب بھر میں 300 سے زیادہ ہیلی پیڈز اس کے زیر انتظام ہیں، جس کے باعث یہ خطے کے بڑے کارپوریٹ فضائی بیڑوں میں شمار ہوتی ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خلیجی ممالک آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور تیل کی ترسیل میں درپیش چیلنجز کے باعث توانائی کی پیداوار بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کو کسی حملے یا سکیورٹی واقعے سے جوڑنے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

راس تنورہ سعودی عرب کے اہم ترین توانائی مراکز میں شامل ہے، جہاں واقع آئل ریفائنری کی یومیہ پیداواری صلاحیت 5 لاکھ 50 ہزار بیرل ہے۔