Major strike against terrorists, 11 terrorists killed in Khyber Pakhtunkhwa and Balochistan

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون  کی خبر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں جنوبی وزیرستان، بنوں اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں کی گئیں، جن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کے ساتھ دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بنوں میں کارروائی کے دوران کالعدم گروہ فتنۃ الخوارج سے وابستہ دو دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ دہشت گردوں کا ٹھکانہ دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا گیا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی، جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں کواڈ کاپٹرز کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران شہری آبادی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے اور مقامی آبادی میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں کارروائی کے دوران 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔