Google Gemini's surprising performance in a cybersecurity test it gained access to three websites.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوزکی خبر کے مطابق گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ماڈل جیمنائی نے سائبر سکیورٹی ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ پر موجود معلومات اور اندازے سے حاصل کیے گئے اسناد استعمال کرتے ہوئے تین کمپنیوں کی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرلی۔

رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ مئی میں ایک سائبر سکیورٹی ٹیسٹ کے دوران پیش آیا، جسے آزاد سائبر سکیورٹی کمپنی اریگولر نے انجام دیا تھا۔ گوگل کی سکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز نے بتایا کہ جیمنائی نے ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات تلاش کیں اور کچھ اسناد کا اندازہ لگا کر تین ایسی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی جنہیں ماڈل نے ٹیسٹ کے دائرے میں سمجھا۔

ایڈکنز کے مطابق تینوں متعلقہ اداروں کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا اور ٹیسٹنگ پارٹنر کے ساتھ مل کر ان کے ٹیسٹ کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعات طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ داری سے کام کرنے کی تربیت کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایک واقعے میں جیمنی نے مختلف پاس ورڈز کا اندازہ لگاتے ہوئے محفوظ سسٹم تک رسائی حاصل کی، جبکہ دیگر دو معاملات میں ماڈل کو عوامی ریپوزٹری میں موجود اسناد ملیں جن کے ذریعے محفوظ نظام تک پہنچ ممکن ہوئی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ تینوں واقعات میں ماڈل نے ہیکنگ کی کارروائی خود روک دی۔

اریگولر کے ترجمان کے مطابق اسی نوعیت کے مسائل دیگر بڑے اے آئی اداروں کے ماڈلز کے ٹیسٹ میں بھی سامنے آئے اور متعلقہ لیبارٹریوں کو جولائی کے آخر میں آگاہ کردیا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ معلوم ہونے والے تمام مسائل کو گزشتہ ہفتوں میں حل کردیا گیا۔

اس سے قبل میٹا، اینتھروپک اور اوپن اے آئی سے متعلق بھی اریگولر کے سائبر سکیورٹی ٹیسٹس کے دوران ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اے آئی ایجنٹس کو انٹرنیٹ اور کمپیوٹر سسٹمز تک زیادہ خودمختار رسائی ملنے کے ساتھ ایسے واقعات ان کی نگرانی، تربیت اور حفاظتی اقدامات سے متعلق اہم سوالات اٹھا رہے ہیں۔