Another bright chapter of Bollywood closes; legendary actor Nana Patekar passes away at the age of 75.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو گوا میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک گر گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

رپورٹ کے مطابق ان کی موت کی تصدیق صبح 5 بج کر 20 منٹ پر کی گئی۔

نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم گمان سے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد کئی دہائیوں تک بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے۔

اپنی منفرد اداکاری، طاقتور مکالموں اور مختلف نوعیت کے کرداروں کے باعث نانا پاٹیکر نے بالی ووڈ میں منفرد مقام بنایا۔ ان کی مشہور فلموں میں کرانتی ویر، پراہار، ویلکم اور اب تک چھپن شامل ہیں۔

طویل فنی سفر کے دوران نانا پاٹیکر کو تین نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا، جو بھارتی سنیما کے معتبر ترین اعزازات میں شمار ہوتے ہیں۔

ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں بھارتی حکومت نے 2013 میں پدم شری سے بھی نوازا، جو ملک کا اہم سول اعزاز ہے۔

نانا پاٹیکر نے اداکاری کے علاوہ فلم سازی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور کئی دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران بھارتی سنیما میں اپنی الگ شناخت برقرار رکھی۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکاروں، فلمی شخصیات اور سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر نانا پاٹیکر کے یادگار کرداروں اور ان کے طویل فنی سفر کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ ان کی اچانک موت پر بھارتی فلمی دنیا میں سوگ کی فضا ہے۔