New US attacks on Iran, Iran claims to have targeted US energy facilities in Egypt and US bases in Jordan

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے بدھ کے روز ایران میں تازہ فضائی حملے کیے ہیں، جبکہ ایران نے اردن میں امریکی فوجی اڈوں، آبنائے ہرمز اور خطے میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ نئی کارروائیوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور اس کے دائرہ کار میں نئے ممالک بھی شامل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی افواج نے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ایران میں کارروائی شروع کی۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایک روز قبل مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج پر ایران کے مبینہ میزائل حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے امریکی فوج کو نشانہ بنایا، اس لیے امریکا بھی بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا، اب ہماری باری ہے، ہم انہیں سخت جواب دیں گے، تاہم ہم اب بھی سفارتی حل چاہتے ہیں۔

ایران نے رات گئے تصدیق کی کہ اس نے اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے، جبکہ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین آئل ٹینکرز کو بھی روکا گیا۔ ایرانی حکام نے عمان کی اس تجویز کو بھی مسترد کر دیا جس میں آبنائے ہرمز کا مشترکہ انتظام سنبھالنے کی بات کی گئی تھی۔

ادھر برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی ایمبری نے بتایا کہ مصر کی بحیرہ روم میں واقع دمیاط بندرگاہ پر امریکی ملکیت کے گیس اسٹوریج ٹینکر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس سے آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم مصر کی وزارتِ پیٹرولیم نے صرف آگ لگنے کی تصدیق کی ہے اور حملے کی نوعیت یا ذمہ داروں کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔

اسی دوران امریکا اور سعودی عرب نے مشرقی عراق میں ایران نواز مسلح گروپوں کے خلاف مشترکہ فضائی کارروائی کی۔ دونوں ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ حملے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر عراق سے کیے گئے ڈرون حملوں کے جواب میں کیے گئے، جن کا الزام ایران سے منسلک گروہوں پر عائد کیا گیا۔

عراقی پاپولر موبلائزیشن فورسز نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں ان کے 20 اہلکار ہلاک اور 32 زخمی ہوئے، جبکہ ایرانی اخبار ہمشہری کے مطابق عراق میں ہونے والی کارروائیوں میں پاسدارانِ انقلاب کے چار مشیر بھی مارے گئے۔