Pakistan ready to increase cooperation with Iran in every sector, Mohsin Naqvi meets Iranian Interior Minister

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان نیوزکی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور سرحدی سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات اور عملی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جہاں انہیں وفاقی کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات کیے گئے۔

مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی صورتحال، سرحدی انتظام، انسداد دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ کارروائیوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ایران نے افغان سرحد سے جڑے سکیورٹی چیلنجز، دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی نقل مکانی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی حالیہ سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔

اسکندر مومنی نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جہاں وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔