UNESCO declares attack on innocent schoolgirls in Iran a serious violation
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی تعلیمی ایجنسی، یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق یونیسکو نے ایران کے جنوبی شہر مناب میں ایک گرلز پرائمری اسکول پر مبینہ میزائل حملے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس حملے میں تقریباً 150 افراد جاں بحق اور لگ بھگ 100 زخمی ہوئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد طالبات کی بتائی جا رہی ہے۔
یونیسکو نے اپنے بیان میں کہا کہ تعلیمی ادارے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت خصوصی تحفظ کے مستحق ہیں اور اسکولوں پر حملے طلبہ و اساتذہ کی جانوں کے ساتھ ساتھ حقِ تعلیم کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ ادارے نے جاری کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ شہریوں اور تعلیمی تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سمیت اقوام متحدہ کے متعدد اداروں نے بھی حملوں اور اس کے بعد ہونے والی جوابی کارروائیوں کی مذمت کی ہے، جن کے اثرات خطے کے مختلف ممالک تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔
نوبل امن انعام یافتہ اور اقوام متحدہ کی میسنجر آف پیس ملالہ یوسفزیٔ نے کہا کہ بچوں، خصوصاً طالبات، کی ہلاکت ناقابلِ قبول ہے اور عالمی برادری کو انصاف اور جوابدہی یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے تشدد کے خاتمے اور خطے میں امن کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔
حالیہ سانحے کے بعد عالمی سطح پر جنگ بندی، آزادانہ تحقیقات اور شہریوں کے تحفظ کے مطالبات میں شدت آ گئی ہے، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال بدستور کشیدہ صورتحال برقرار ہے۔



