اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ امریکا، چین اور روس کے سربراہان نے جمعرات کو ایک غیرمعمولی سہ فریقی اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ برائے امن جاری کرتے ہوئے عالمی سلامتی مضبوط بنانے، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور جوہری خطرات کم کرنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، تاہم بڑے عالمی تنازعات کے حل کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل یا ٹھوس اقدامات سامنے نہیں آئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چین کے جنوبی شہر شینزن میں تاریخی ملاقات کی۔
اس اجلاس میں دنیا کی تین بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہان ایک ساتھ بیٹھے، جبکہ یوکرین جنگ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی سلامتی کے معاملات پر کشیدگی برقرار ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ جوہری جنگ جیتی نہیں جاسکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے۔ تینوں ممالک نے جوہری خطرات کم کرنے اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا، تاہم اعلامیے میں ان مذاکرات کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا اور نہ ہی جوہری ہتھیاروں میں کمی کے کسی سہ فریقی معاہدے پر بات چیت کا واضح عہد کیا گیا۔
تینوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کی حمایت بھی کی تاکہ عالمی ادارہ بین الاقوامی چیلنجز کا زیادہ مؤثر جواب دے سکے اور عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے کی بنیادی ذمہ داری بہتر انداز میں پوری کرسکے۔ امریکا، چین اور روس سلامتی کونسل کے مستقل ارکان ہیں۔
توانائی کے شعبے میں اعلامیے کے مطابق تینوں طاقتیں تمام ممالک کے فائدے کے لیے ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ رہنماؤں نے توانائی کی مستحکم ترسیل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اعلامیے میں ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ اور بین الاقوامی عدالتوں کے دائرہ اختیار کا معاملہ بھی شامل تھا۔
تینوں رہنماؤں نے کہا کہ ریاست کی رضامندی اور سرکاری عہدیداروں کے استثنیٰ کا احترام بنیادی اصول ہیں، جبکہ عالمی فوجداری عدالت اور اس جیسے اداروں کو اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
اعلامیے میں عالمی سلامتی پر زور دیا گیا، تاہم روس کی یوکرین میں جنگ اور ایران سے متعلق تنازع کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ ان معاملات کے حل کے لیے بھی کسی خصوصی طریقہ کار یا اقدام کا اعلان نہیں ہوا۔
اجلاس کے بعد پیوٹن نے اعتراف کیا کہ اعلامیے میں زیادہ بلند عزائم مقرر نہیں کیے گئے اور کوئی ملک اس کے فیصلوں پر عمل کرنے کے لیے مجبور نہیں ہوگا۔ تاہم انہوں نے ملاقات کو سفارتی تاریخ کا نیا باب قرار دیا۔
ٹرمپ نے اجلاس کو غیرمعمولی کامیابی قرار دیتے ہوئے این بی سی نیوز کو بتایا کہ ملاقات توقعات سے بڑھ کر اچھی رہی۔ ان کے بقول صفر سے 10 کے پیمانے پر وہ اسے 12 نمبر دیں گے۔ انہوں نے تینوں رہنماؤں کے درمیان قائم ہونے والے تعلقات کو بھی شاندار قرار دیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ اجلاس کے بعد تینوں ممالک ورکنگ لیول پر رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں گے۔ ان کے مطابق رہنماؤں نے براہ راست ایک دوسرے کے تزویراتی عزائم کا تبادلہ کیا اور بڑی طاقتوں کے باہمی روابط کے لیے ایک نیا انداز متعارف کرایا۔
جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے خبردار کیا کہ کسی ایسے انتظام سے گریز کیا جانا چاہیے جو 1945 کی یالٹا کانفرنس جیسا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کی شرکت کے بغیر امن ممکن نہیں اور امریکا بھی جانتا ہے کہ اس کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔
پیوٹن نے یالٹا کانفرنس سے موازنے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں دنیا کو اثرورسوخ کے دائروں میں تقسیم نہیں کیا گیا تھا بلکہ زمینی حقائق کو تسلیم کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق موجودہ تنازعات کے حل کے لیے بھی زمینی صورتحال کو تسلیم کرنا ضروری ہوگا۔
