Major operation against terrorists in Balochistan, 5 killed; 3 killed in different attacks

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی اور مسلح افراد کے حملوں کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ الگ الگ واقعات میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں پولیس اسٹیشن، سرکاری عمارتوں، گاڑیوں اور اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک قبائلی رہنما اور ان کے بیٹے کے اغوا کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کئی دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی کے لیے جارہے تھے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انہیں نشانہ بنایا گیا۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، ایک دیسی ساختہ بم اور کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد ڈکیتیوں، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں نامعلوم مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے پولیس اسٹیشن کو تباہ کردیا اور فرار ہوتے ہوئے پولیس کی 2 گاڑیاں، اسلحہ اور 2 اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔ دونوں پولیس اہلکاروں کو بعد ازاں رہا کردیا گیا۔

چاغی کے علاقے چارسَر، دالبندین میں مسلح افراد نے فٹبال گراؤنڈ کی ایک عمارت کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ یونین کونسل زیارت بالانوش میں لوکل گورنمنٹ کے ریسٹ ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے بعد اسے آگ لگا دی گئی، جبکہ زیارت کے کلی سیلرہ میں ایک خالی ڈیم کو بھی دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

مستونگ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سرگز کے مقام سے مسلح افراد نے قبیلہ الیزئی کے سربراہ سردار شاہ زمان خان الیزئی اور ان کے بیٹے کو اغوا کرلیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے لنچو سفاری برانچ نمبر 8 میں زیر زمین بارودی سرنگ پھٹنے سے موٹر سائیکل سوار راشد بگٹی جاں بحق ہوگئے۔ کیچ کے علاقے بلیدہ میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک ٹرک اور گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق اور گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

قلعہ عبداللہ کے میزئی اڈہ میں فائرنگ سے سلطان نامی لڑکا جاں بحق ہوا، جبکہ پولیس نے سیاحتی مقام دمیرہ سے 14 اگست کو اغوا کیے گئے نوجوان کی لاش بھی برآمد کرلی۔ چاغی کے جوجو علاقے میں مسلح افراد نے این-40 ہائی وے پر 2 ٹرکوں پر فائرنگ کے بعد انہیں آگ لگا دی اور فرار ہوگئے۔