Ishaq Dar and Japanese Foreign Minister's telephone conversation — Global recognition of Pakistan's mediation efforts
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی نے پیر کو پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے سفارتی سمجھوتے میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے گہری قدردانی کا اظہار کیا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس سمجھوتے کا باہمی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف خطے بلکہ پوری بین الاقوامی برادری کے لیے غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کو خوش آئند قرار دیا۔
گفتگو کے دوران جاپانی وزیر خارجہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے اس پورے سفارتی عمل میں جو مسلسل اور تعمیری کردار ادا کیا، اس پر جاپان فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے مستقل ثالثی کردار اور تعمیری کوششوں پر جاپان کی گہری قدردانی اور ستائشکا اظہار کیا
مزید خبریں : امریکا اور ایران جنگ بندی کے ابتدائی معاہدے پر متفق، دستخط جمعے کو متوقع
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ مفادات کے معاملات میں ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے قریبی رابطہ اور باقاعدہ تبادلۂ خیال جاری رکھا جائے گا۔
اس اعلان پر اسرائیل کی جانب سے ابھی تک کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل اس بات کا اعادہ کرتا رہا ہے کہ وہ امریکہ-ایران مذاکرات میں فریق نہیں تھا۔
ایرانی میڈیا نے پیر کو ایران اور امریکہ کے درمیان چودہ نکاتی یادداشتِ مفاہمت کا مسودہ شائع کیا جو جنگ کے خاتمے اور حتمی معاہدے کی سمت پیش رفت کا فریم ورک پیش کرتا ہے۔




