کولکتہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، گنگولی خاندان کو ملنے والے تازہ دھمکی آمیز خط کو بنگال کرکٹ کے صدر کے دفتر میں کھولا گیا، جو مکمل طور پر انگریزی میں تحریر تھا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے ایسے خطوط موصول ہو رہے تھے جنہیں پہلے مداحوں کی جذباتی حرکت سمجھ کر نظر انداز کر دیا گیا تھا، تاہم حالیہ خط میں انتہائی جارحانہ زبان استعمال کیے جانے کے بعد معاملہ پولیس کے پاس لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سارو گنگولی کے خاندان کی جانب سے ٹھاکر پکر پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کروائی گئی ہے اور ریاستی حکومت کے سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی فوری اقدامات کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھمکی آمیز خطوط کورئیر کے ذریعے گنگولی کی رہائش گاہ پر بھیجے گئے تھے۔

پولیس حکام نے گنگولی کے پرسنل اسسٹنٹ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور خاندان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔