بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے سیریز کا پہلا میچ 8 مئی سے ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 سائیکل کا حصہ ہے۔
ٹیم کی قیادت نجم الحسن شنٹو کریں گے جبکہ مہدی حسن میراز نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے اسکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں، تنزید حسن اور امیت حسن، کو پہلی بار شامل کیا گیا ہے جس سے ٹیم میں نئی صلاحیتوں کو موقع ملے گا۔
فاسٹ بولنگ اٹیک میں تسکین احمد اور شریف اسلام کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ آف اسپنر نعیم حسن بھی ریڈ بال اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں مشفق الرحیم، لٹن داس اور مومن الحق شامل ہیں۔
دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل اس سیریز کا دوسرا مقابلہ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پاکستان پانچویں جبکہ بنگلا دیش آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے، جس کے باعث یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔
