لاہور ہائی کورٹ نے کرکٹر محمد رضوان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نوٹسز کے خلاف درخواست خارج کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت محمد رضوان کے وکیل قاضی عمیر علی نے مؤقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے آن لائن جوئے کے الزامات کے تحت جاری کیے گئے نوٹسز غیر قانونی اور دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ محمد رضوان کو این سی سی آئی اے نے طلب کیا تھا اور وہ پیش بھی ہو چکے ہیں، لہٰذا نوٹس کا جواب متعلقہ ادارے کو دیا جائے عدالت نے درخواست خارج کردی۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق سے آن لائن جوئے سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں سوالنامے کے جوابات طلب کیے تھے۔ امام الحق اپنے جوابات جمع کرا چکے ہیں۔