Claims of 2 ballistic missiles being launched from Iran raise alarm in UAE

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے منگل کو دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اس کی جانب 2 بیلسٹک میزائل داغے گئے، تاہم دونوں میزائل پانی میں گر گئے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ اماراتی حکام کے مطابق ایک میزائل ملک کی علاقائی حدود کے اندر سمندر میں گرا جبکہ دوسرا علاقائی پانیوں سے باہر جاگرا۔ ایران کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق یہ واقعہ 4 مئی کو فجیرہ بندرگاہ پر ہونے والے حملے کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ریاست کی سلامتی کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن مذاکرات کے لیے مقررہ 60 روزہ مدت پیر کو کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئی، جس کے بعد خطے میں نئی کشیدگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ 

اماراتی وزارت داخلہ نے منگل کو شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے ایک الرٹ بھی جاری کیا، جس میں میزائل خطرے سے خبردار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایک دوسرے پیغام میں شہریوں کو بتایا گیا کہ صورتحال محفوظ ہے اور وہ معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرسکتے ہیں۔

امارات پہلے ہی ایران پر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اپنی سرکاری ملکیت والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرچکا ہے۔ تازہ واقعے نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کے درمیان مزید تشویش پیدا کردی ہے، تاہم میزائلوں کے ہدف، نوعیت اور ممکنہ نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔