PSL 11 profit increases from Rs 2 billion to Rs 7.54 billion-PSL
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں ریکارڈ مالی ترقی کی اطلاع دی ہے، جس کے مطابق لیگ کا منافع تقریباً 2 ارب روپے سے بڑھ کر 7.54 ارب روپے سے زائد ہو گیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد آٹھ کرنے سے آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
دو نئی فرنچائزز کے اضافے کے باعث نشریاتی حقوق، اسپانسرشپ اور فرنچائز فیس کی مد میں آمدن میں خاطر خواہ بہتری آئی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق پی ایس ایل 11 کی مجموعی آمدنی 10.19 ارب روپے سے تجاوز کر گئی، جبکہ اخراجات 2.64 ارب روپے رہے، جس کے نتیجے میں ٹیکس سے قبل 7.54 ارب روپے سے زائد منافع حاصل ہوا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 2025 میں تقریباً 2 ارب روپے اور پی ایس ایل 2024 میں 2.46 ارب روپے منافع ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ پی ایس ایل 11 نے مالی کامیابی کے نئے معیار قائم کر دیے ہیں۔




