Pakistan's major economic success, Finance Minister arrives in China to issue first Panda Bond
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تقریب میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق یہ تقریب بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہوگی، جہاں پاکستان پہلی مرتبہ چین کی مقامی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گا۔
وزارت خزانہ نے اس پیش رفت کو پاکستان کی معاشی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق پانڈا بانڈ کے ذریعے پاکستان اپنے مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے کی کوشش کررہا ہے۔
بیان کے مطابق مجموعی پانڈا بانڈ پروگرام کا حجم ایک ارب ڈالر رکھا گیا ہے، جبکہ ابتدائی اجرا 25 کروڑ ڈالر کے مساوی ہوگا۔ اس اجرا کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت حاصل ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں برآمدات، ترسیلاتِ زر اور دیگر اہم معاشی اشاریوں میں بہتری نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنیاد فراہم کی ہے۔ حکام کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کی معاشی بحالی اور اصلاحاتی پالیسیوں پر عالمی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
تقریب میں چین کی وزارت خزانہ، پیپلز بینک آف چائنا، بینک آف چائنا، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور دیگر بڑے مالیاتی اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر خصوصی پریزنٹیشن بھی دی جائے گی۔
وزیر خزانہ اپنے دورۂ چین کے دوران سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور چینی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دوطرفہ معاشی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور مستقبل کی مالیاتی شراکت داری پر بات چیت ہوگی۔
حکام کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا نہ صرف پاکستان اور چین کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ عالمی سرمایہ کار برادری کے سامنے پاکستان کی ابھرتی ہوئی معاشی صلاحیت کو بھی نمایاں کرے گا۔




