Prime Minister Shehbaz Sharif arrives in Antalya, important meetings with world leadership expected
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق انطالیہ ایئرپورٹ پر گورنر ہلوسی شاہین نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا، جبکہ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم فورم کے لیڈرز پینل میں شرکت کریں گے، جہاں وہ علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کریں گے۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، خصوصی معاون طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی شامل ہیں۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ وزیراعظم اس سے قبل سعودی عرب اور قطر کے دورے مکمل کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے علاقائی امن، دفاعی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
قطر میں امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا، جبکہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔




